Home - famous - وزیراعظم سے عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کی ملاقات، آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار

وزیراعظم سے عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کی ملاقات، آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار

دبئی: وزیراعظم عمران خان سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی سربراہ کرسٹین لوگارڈ نے ملاقات کی جس میں سربراہ آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر ہوئی۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔ اس دوران معاشی صورتحال اور بیل آئوٹ پیکیج پر بات چیت کی گئی۔
پاکستان کو مضبوط اقتصادی اصلاحات کا پیکیج متعارف کرانا ہوگا، آئی ایم ایف
آئی ایم ایف نے عمران خان سے ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سربراہ آئی ایم ایف کی ملاقات اچھی اور تعمیری رہی جس میں پاکستان کی خوشحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امدادی پروگرام پر جاری مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور بحالی پر بات چیت ہوئی۔سربراہ کرسٹینا لوگارڈ نے پاکستان کو نئے پروگرام کی فراہمی کے بارے میں اپنے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ادارہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے تاہم پاکستان کو اقتصادی بحالی اور پائیدار و مضبوط اقتصادی نشوونما کی بنیاد رکھنے کے لیے فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اکنامک ریفارمز پر مبنی پیکیج متعارف کرانا ہوگا کیوں کہ فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اقتصادی اصلاحات سے ہی پاکستان اقتصادی ترقی کے قابل ہوگا۔اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کی پالیسیوں اور ایجنڈے میں غریب و پسماندہ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا اور مضبوط گورننس پر توجہ مرکوز رکھنا اولین ترجیحات ہیں، اس عمل سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا جب کہ معیار زندگی میں بہتری بھی پائیدار طریقے سے آئے گی۔
ملک کو پائیدار ترقی پر ڈالنے کیلئے بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم
ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات میں پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے گہرائی میں اسٹرکچرل اصطلاحات کی ضرورت پر دونوں میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی اور یہ اقدامات پاکستانی معاشرے میں انتہائی پسماندہ گوشوں کے تحفظ کیلئے بہت ضروری ہیں۔
آئی ایم ایف کیساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہوگیا، شاہ محمود قریشی
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی عالمی مالیاتی فنڈز کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات بہت اچھی اور مفید رہی، مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے، ہم عنقریب آئی ایم ایف سے مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے جس میں کم آدمی والے طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے اور بہت جلد ہی اس کی تکنیکی تفصیلات بھی طے ہوتی ہوئی منظر عام پر آجائیں گی۔

 

 

About asas

Check Also

پاکستان کوسفارتی طورپرتنہا کرنے کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، شاہ محمود قریشی

ممبئی: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سفارتی طورپرتنہا کرنا کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے